اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ اس کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، وہ پورا کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل معاشی حالات میں صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بحران کے دوران وفاقی حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں بچت اور کفایت شعاری کے ذریعے 129 ارب روپے خرچ کرکے عوام کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بہتر منصوبہ بندی کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی ! وفاقی وزیر نے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی
وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی اور عوام کو عالمی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں امن ممکن ہوا، جس سے خطے میں معاشی استحکام آیا اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی۔ وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو ایک تاریخی دستاویز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے۔
شہباز شریف نے عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکومتی و سفارتی ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث امن کی یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے، مہنگائی میں مزید کمی لانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔











