فیفا ورلڈ کپ 2026: سنسنی خیز مقابلے میں ایران کی نیوزی لینڈ کے خلاف دو بار واپسی

لاس اینجلس (روشن پاکستان نیوز) : ایران نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں دو بار واپسی کی اور میچ ڈرا کر دیا۔

ایران نے پیر کے روز لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز ورلڈ کپ میچ میں دو مرتبہ خسارے سے واپس آتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ساتھ 2-2 سے برابر مقابلہ کیا۔ اس میچ کا پس منظر سیاسی طور پر بھی خاصا حساس تھا، کیوں کہ ایک جانب تہران حکومت کے خلاف مظاہرے جاری تھے اور دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔

نیوزی لینڈ نے میچ کے آغاز میں ہی برتری حاصل کر لی جب ایلیجا جسٹ نے کرس ووڈ کے پاس پر پنالٹی ایریا کے اندر سے شان دار والی شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔ اس گول کا جشن بعض ایسے شائقین نے منایا جو ایرانی حکومت کے ناقد تھے۔ ان میں سے بہت سے افراد ایران کے انقلاب سے پہلے کے ’’شیر و خورشید‘‘ والے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ میچ کے آغاز سے قبل کچھ تماشائیوں نے ایران کے قومی ترانے کے دوران ہوٹنگ بھی کی۔

تاہم 70 ہزار سے زائد شائقین پر مشتمل مجمعے کی اکثریت واضح طور پر ایرانی ٹیم کی حامی نظر آئی۔ شائقین ’’ایران! ایران!‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے اور جب رامین رضائیان نے پہلے ہاف کے آدھے گھنٹے بعد اسکور برابر کیا تو اسٹیڈیم خوشی سے گونج اٹھا۔

مفاہمتی یادداشت پر امریکا اور ایران نے دستخط کر دیئے: امریکی نائب صدر

رضائیان، جو ان چند ایرانی کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھوں نے فروری کے بعد سے کلب فٹبال نہیں کھیلی تھی کیوں کہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث ملکی لیگ معطل کر دی گئی تھی، ایک بلاک ہونے والی شاٹ پر سب سے تیز ردِعمل دکھاتے ہوئے گیند کو آگے بڑھتے ہوئے گول کیپر کے پاس سے جال میں پہنچانے میں کامیاب رہے۔

دوسرے ہاف کے آغاز میں کرس ووڈ اور ایلیجا جسٹ نے دوبارہ عمدہ اشتراک کا مظاہرہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ووڈ نے 26 سالہ فارورڈ کے راستے میں نہایت درست پاس دی، جس پر جسٹ نے زوردار شاٹ لگا کر ’آل وائٹس‘ کو ایک بار پھر برتری دلا دی۔

ایران نے 10 منٹ بعد جواب دیا جب محمد محبی نے شان دار گول اسکور کیا۔ انھوں نے رضائیان کے بہترین کراس پر ہیڈر لگایا اور گیند دور والے کھمبے سے ٹکرا کر جال میں جا لگی، یوں مقابلہ 2-2 سے برابر ہو گیا۔

اس برابری کے نتیجے میں گروپ جی کی تمام ٹیموں کے ایک ایک پوائنٹ ہو گئے ہیں، کیوں کہ پیر ہی کے روز بیلجیم اور مصر کا میچ بھی 1-1 سے برابر رہا تھا۔ فائنلز میں تیسری مرتبہ شرکت کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 ورلڈ کپ میچ کھیلنے کے باوجود اب تک ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی۔ دوسری جانب ایران پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایران اب اتوار کو دوبارہ لاس اینجلس میں بیلجیم کے خلاف میدان میں اترے گا، جب کہ نیوزی لینڈ وینکوور میں مصر کا سامنا کرے گا۔

مزید خبریں