سیالکوٹ(روشن پاکستان نیوز) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیلجیئم جانے والے ایک مسافر کو جعلی سفری دستاویزات سمیت گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے رہائشی ثناء اللہ کو پرواز ایف زیڈ 338 کے ذریعے بیلجیئم روانگی کے دوران امیگریشن کلیئرنس کے مرحلے پر آف لوڈ کیا گیا۔
سیکنڈ لائن بارڈر کنٹرول آفس میں جدید آلات کی مدد سے جانچ پڑتال کے دوران مسافر کا پاکستانی پاسپورٹ، بیلجیئن ویزا اسٹیکر اور ای پروٹیکٹر جعلی ثابت ہوئے۔
ابتدائی تحقیقات میں مسافر نے انکشاف کیا کہ اٹلی میں مقیم ایجنٹ علی مظفر نے بیلجیئم ورک ویزا دلوانے کے نام پر 75 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا، جبکہ مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے تقریباً 75 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔
مسافر کے مطابق ایجنٹ نے اسے جعلی پاسپورٹ، جعلی بیلجیئن ویزا، جعلی ای پروٹیکٹر اور فضائی ٹکٹ فراہم کیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے جعلی ویزوں اور غیر قانونی امیگریشن کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے ایک نیٹ ورک کا سراغ ملا ہے۔
ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور دستاویزی جعل سازی میں ملوث ایجنٹس اور سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع اختیار کریں۔ جعلی ویزا اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری ہیں۔











