راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) مرکزی امام حسین کونسل کے زیرِ اہتمام حضرت امام حسینؑ کے چچا زاد بھائی اور سفیرِ کربلا حضرت مسلم بن عقیلؑ اور ان کے دو صاحبزادگان کی یومِ شہادت کے سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں ’’شہادتِ حضرت مسلم بن عقیلؑ‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کی، جبکہ سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر علماء، دانشوروں اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈاکٹر غضنفر مہدی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حضرت مسلم بن عقیلؑ اور ان کے دو صاحبزادگان کی شہادت سے سانحۂ کربلا کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مسلمؑ کی قربانی وفا، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کی عظیم مثال ہے۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اہلِ کوفہ کی بے وفائی کے باعث حضرت مسلم بن عقیلؑ اور ان کے دو صاحبزادے شہید ہوئے، تاہم ان کی قربانی تاریخِ اسلام میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
علامہ قمر حیدر زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سانحۂ کربلا اخلاقیات اور انسانی اقدار کا سب سے بڑا درس ہے، لہٰذا اس کے پیغام کو پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک نصاب کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل اس سے رہنمائی حاصل کر سکے۔
کانفرنس سے احسان کبریا، پروفیسر روبینہ سید، نعیم اکرم قریشی، محمد رفیق مغل، جہانزیب جمال چشتی اور اخلاق زیدی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اتحادِ امت، اخوت، رواداری اور تعلیماتِ کربلا کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس کے اختتام پر حضرت مسلم بن عقیلؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام کے لیے دعا کی گئی۔











