برلن (روشن پاکستان نیوز) جرمنی میں دنیا بھر کے آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے ویزا کے نئے مواقع میسر ہیں جن کے لیے نئے قوانین واضح کیے گئے ہیں۔
جرمنی نے آئی ٹی شعبے سے وابستہ غیر ملکی ماہرین کے لیے مختلف رہائشی ویزا آپشنز اور نئی شرائط واضح کردی ہیں، جن کے تحت ہنر مند افراد کو جرمنی میں ملازمت اور رہائش کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ پالیسی وفاقی وزارت برائے اقتصادی امور و توانائی سے منسلک ہے اور تمام تنخواہوں کی حدیں جنوری 2026 کے مطابق مقرر کی گئی ہیں۔
جرمن قوانین کے مطابق آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے رہائشی اجازت نامے کے حصول کے تین بڑے راستے متعارف کرائے گئے ہیں۔
پہلا آپشن : ملازمین کے لیے رہائش
رہائشی ایکٹ کی دفعات 18اے اور 18بی کے تحت یہ ویزا اُن افراد کے لیے مخصوص ہے جو ہنر مند کارکنوں کے زمرے میں آتے ہیں۔
اس کے لیے درخواست دہندہ کے پاس جرمنی سے حاصل کردہ یا جرمنی میں تسلیم شدہ اعلیٰ تعلیمی یا ووکیشنل ڈگری ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ جرمنی میں آئی ٹی اسپیشلسٹ کے طور پر ملازمت کی باضابطہ پیشکش بھی لازمی ہوگی۔
45سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 2026 کے مطابق کم از کم 55 ہزار 770 یورو سالانہ مجموعی تنخواہ یا مناسب پنشن انتظامات ضروری قرار دیے گئے ہیں، اس راستے کے لیے فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری بھی لازمی ہوگی۔
دوسرا آپشن : یورپی یونین بلیو کارڈ
رہائشی ایکٹ کی دفعہ 18جی کے تحت جاری ہونے والا یورپی یونین بلیو کارڈ آئی ٹی ماہرین اور منیجرز کے لیے ایک اہم راستہ تصور کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ ، فرانس ، اٹلی اور جرمنی کے سفیروں کی ایرانی وزارت خارجہ طلبی
اس ویزا کے لیے جرمنی میں تسلیم شدہ تعلیمی قابلیت یا جرمن یونیورسٹی کی ڈگری درکار ہوگی۔ درخواست دہندہ کے پاس جرمنی میں آئی ٹی شعبے میں ملازمت کی واضح پیشکش ہونا ضروری ہے، جبکہ ملازمت کا تعلق امیدوار کی تعلیم سے بھی مطابقت رکھنا چاہیے۔
2026کے مطابق کم از کم 45 ہزار 934 اعشاریہ 20 یورو سالانہ مجموعی تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔ اگر تنخواہ 50 ہزار 700 یورو یا اس سے زیادہ ہو تو فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری درکار نہیں ہوگی۔
بغیر ڈگری والے آئی ٹی ماہرین کے لیے موقع
اس اسکیم میں ایسے آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے بھی گنجائش رکھی گئی ہے جن کے پاس رسمی تعلیمی ڈگری موجود نہیں۔
اس کے لیے گزشتہ 7 برسوں میں کم از کم 3 سال کا اعلیٰ سطحی آئی ٹی تجربہ ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ جرمنی میں متعلقہ ملازمت، کم از کم مقررہ تنخواہ اور فیڈرل ایمپلائمنٹ ایجنسی کی منظوری لازمی شرائط میں شامل ہیں۔
تیسرا آپشن : آئی ٹی ورکرز کے لیے رہائش
رہائشی ایکٹ کی دفعہ 19سی پیراگراف ٹو اور غیر ملکی ملازمین سے متعلق آرڈیننس کی دفعہ 6 کے تحت ایک اور آپشن بھی فراہم کیا گیا ہے۔
اس کے مطابق درخواست دہندہ کے پاس گزشتہ 5 سال میں کم از کم 2 سال کا آئی ٹی تجربہ ہونا چاہیے، جبکہ جرمنی میں ملازمت کی پیشکش بھی لازمی ہوگی۔
سال 2026 کے مطابق کم از کم 45 ہزار 630 یورو سالانہ تنخواہ مقرر کی گئی ہے تاہم اگر کمپنی اجتماعی لیبر معاہدوں کے تحت کام کر رہی ہو تو کم از کم تنخواہ کی شرط ختم کی جاسکتی ہے، بشرط یہ کہ ملازم کو اجتماعی معاہدے کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔
جرمنی کی جانب سے متعارف کردہ یہ نئی شرائط عالمی آئی ٹی ماہرین کے لیے یورپ میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کی کوشش قرار دی جا رہی ہیں۔











