ریاض(عدیل نظیر) سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں، جو پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا تقریباً 69 فیصد بنتے ہیں۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت 97 ہزار 208 جبکہ 26 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین سعودی عرب میں موجود ہیں۔
رواں سال پاکستان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے، جن میں سے سرکاری حج اسکیم کے تقریباً 81 فیصد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق آج مزید 26 پروازوں کے ذریعے 6 ہزار 643 پاکستانی عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے جبکہ حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا اور اس کے اختتام میں صرف چار روز باقی رہ گئے ہیں۔
سعودی عرب کی مشرق وسطیٰ کے ممالک اور ایران کے درمیان عدم جارحیت کے معاہدے کی تجویز، برطانوی اخبار
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سیکرٹری مذہبی امور کے ہمراہ پاکستان حج مشن کا دورہ کریں گے جہاں وہ جاری حج انتظامات اور عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ لیں گے۔ ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی رہائشی عمارتوں کا بھی دورہ کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین کی خدمت کے لیے معاونین حج، میڈیکل اور فیلڈ اسٹاف مکمل طور پر متحرک ہے۔ حج مشن کی جانب سے عازمین کو رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات مسلسل فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سعودی عرب میں خصوصی میڈیکل ڈیسک اور ہسپتال بھی فعال ہیں۔
حج آپریشن میں Pakistan International Airlines، Airblue، AirSial اور Saudi Arabian Airlines حصہ لے رہی ہیں۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سے حج پروازیں مسلسل جاری ہیں۔
ادھر مکہ مکرمہ میں ہزاروں پاکستانی عازمین عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ مدینہ منورہ سے عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا عمل بھی جاری ہے۔ معاونین حج عازمین کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔











