اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی نئی قسط عید الاضحی سے قبل 18 مئی 2026 سے جاری ہونے کا امکان ہے، جو مستحق خاندانوں کیلئے بڑی مالی مدد ثابت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی آئندہ قسط 18 مئی 2026 سے جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جو عید الاضحیٰ 2026 سے قبل مستحق خاندانوں کیلئے بڑی مالی مدد ثابت ہوگی۔
اس پروگرام کے تحت ادائیگیاں صرف اُن خاندانوں کو کی جائیں گی جو پہلے سے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے کے ذریعے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقوم ملک بھر میں تقسیم کی جائیں گی، تاہم صرف اہل اور تصدیق شدہ خواتین سربراہ خاندان کو ادائیگی کی جائے گی، نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سخت ویری فکیشن اور بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے
اہلیت کا معیار
پروگرام کے مطابق ایسے گھرانے جن کا پی ایم ٹی اسکور 32 یا اس سے کم ہے وہ اہل ہوں گے، جبکہ معذور افراد والے گھرانے 37 اسکور تک اہل قرار دیے جا سکتے ہیں۔
ادائیگیاں بنیادی طور پر خواتین کو نادرا سے تصدیق شدہ شناختی کارڈ کے ذریعے دی جائیں گی۔ بیوہ، طلاق یافتہ اور علیحدہ رہنے والی خواتین کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
رجسٹریشن کا طریقہ
حکام کے مطابق نئے افراد کی رجسٹریشن آن لائن مکمل نہیں ہوتی بلکہ NSER سروے کے ذریعے کی جاتی ہے۔ شہری BISP مراکز یا سروے ٹیموں کے ذریعے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ایجنٹ کو رقم نہ دیں کیونکہ رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہے تاہم مزید معلومات یا شکایت کیلئے ہیلپ لائن: 0800-26477 یا سرکاری ویب سائٹ bisp.gov.pk استعمال کی جا سکتی ہے۔











