پاکستان اسلامک ریپبلیکن پارٹی کا اہم اجلاس، تنظیمی امور اور سیاسی سرگرمیوں پر غور

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): پاکستان اسلامک ریپبلیکن پارٹی کے چیئرمین جناب اظہر محمود کی زیرِ صدارت پارٹی کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری ملک نثار احمد، سینئر رہنماؤں اور دیگر پارٹی ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد میں پارٹی کی تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم اور سیاسی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ پارٹی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ نچلی سطح تک تنظیم کو مضبوط کیا جائے تاکہ عوام کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

چیئرمین اظہر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسلامک ریپبلیکن پارٹی اپنے منشور کے مطابق ملک کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کے ذریعے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

جنرل سیکرٹری ملک نثار احمد نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمی امور کو بہتر بنانے اور کارکنان کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان ہی اصل قوت ہیں اور ان کی محنت سے ہی پارٹی ملک بھر میں مضبوط ہوگی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی اتحاد، مسلسل محنت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
انشاءاللہ، ہم سب مل کر بنائیں گے خوشحال پاکستان۔

مزید خبریں