لندن(روشن پاکستان نیوز) عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر پریس کلب آف پاکستان یوکے کے زیر اہتمام ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ اجلاس پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے ممبران نے بذریعہ زوم شرکت کی۔ اجلاس میں اوورسیز صحافت کے کردار اور اس کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
پریس کلب آف پاکستان یوکے کے چیئرمین شیخ اعجاز افضل اور صدر محمود اصغر چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن اور صوبائی وزیر بیرسٹر امجد ملک، جو پریس کلب آف پاکستان یوکے کے لیگل ایڈوائزر بھی ہیں، نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانی صحافیوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اوورسیز صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔











