جدہ میں عالمی یومِ صحافت پر سیمینار، ذمہ دار صحافت کے فروغ کا عزم

جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاک اوورسیز میڈیا فورم اور یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام 3 مئی 2026 کو عالمی یومِ صحافت کے موقع پر جدہ کے ایک مقامی ہوٹل میں مشترکہ طور پر ایک شاندار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

سیمینار کے مقررین نے سچائی کی تلاش میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان تھے جبکہ صدارت پاک اوورسیز میڈیا فورم کے سرپرستِ اعلیٰ سید مسرت خلیل نے کی۔ مہمانانِ اعزازی میں چودھری محمد ریاض گھمن، شعیب الطاف راجا اور احسان مغل شامل تھے جبکہ دیگر شرکاء میں عدیل نظیر، احمد فواد سواتی، یحییٰ اشفاق، مرزا مدثر احمد، عمر فاروق، امداد حسین اور فہد بھی موجود تھے۔

چودھری محمد ریاض گھمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ عدیل نزیر نے زور دیا کہ بغیر تصدیق کے خبریں پھیلانا صحافتی اور دینی اصولوں کے خلاف ہے۔ شعیب الطاف راجا نے کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ مہارت، درستگی اور اعلیٰ صحافتی معیار کو برقرار رکھنا چاہیے۔

مہمانِ خصوصی جہانگیر خان نے کہا کہ آزاد صحافت اور آزادی اظہار کے ذریعے مسائل کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ سید مسرت خلیل نے اپنے صدارتی خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی ہمیشہ سچائی، دیانت داری اور ملکی و کمیونٹی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گے۔

مزید خبریں