منگل,  14 اپریل 2026ء
پیٹرول سے بھرے 2 مزید بڑے بحری جہاز کراچی پہنچ گئے

کراچی(روشن پاکستان نیوز) پیٹرول سے بھرے دو مزید بڑے بحری جہاز پورٹ قاسم فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگئے، جس سے ایندھن کے ذخائر اور سپلائی چین مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی اہم ترین بندرگاہ پورٹ قاسم پر پیٹرول اور ایل پی جی کے جہازوں کی آمد کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جس سے بندرگاہی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

پورٹ قاسم کے خصوصی ‘فوٹکو ٹرمینل’ پر پیٹرول سے لدے دو مزید بڑے بحری جہاز پہنچ گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ بحری جہاز ایم ٹی بورگان سعودی عرب کی بندرگاہ ‘ینبع’ سے 42 ہزار 418 ٹن موٹر آئل لے کر پورٹ قاسم پہنچا اور کامیابی کے ساتھ لنگر انداز ہو گیا ہے۔

وزیر اعظم کا ڈیزل کی قیمت میں 135 اور پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

اسی طرح، ایک اور بڑا بحری جہاز ایم ٹی لامو ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے 57 ہزار 650 ٹن پیٹرول (موٹر گیسولین) لے کر فوٹکو ٹرمینل پہنچا ہے۔

ان دونوں جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ ٹن کے قریب پیٹرولیم مصنوعات پاکستان پہنچی ہیں۔

پورٹ قاسم پر پیٹرول اور ایل پی جی کے جہازوں کی بیک وقت آمد سے جہاں بندرگاہی آپریشنز میں تیزی آئی ہے، وہی ملک میں ایندھن کے ذخائر اور سپلائی چین مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جہازوں سے تیل کی ترسیل کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا تاکہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس تک ایندھن کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں