جمعه,  06 فروری 2026ء
پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا کھلاڑی کون؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان سپر لیگ کے 11ہویں ایڈیشن نے آغاز سے قبل ہی تاریخ رقم کر دی ہے، جہاں پہلی بار نیلامی ماڈل کے تحت فرنچائزز نے بڑے فیصلے کیے اور آسٹریلوی اسٹار اسٹیو اسمتھ لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن کر سامنے آئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ فرنچائز نے اس معاہدے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، جس کے ساتھ ہی اس بات کی تصدیق بھی ہو گئی کہ اسٹیو اسمتھ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

رپورٹس کے مطابق سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو 14 کروڑ روپے میں سائن کیا، جس کے بعد وہ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاہدے نے لیگ کی مالی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل قائم کر دیا ہے۔

پی سی بی کا پی ایس ایل 11 کے میچز بھارت میں نہ دکھانے کا فیصلہ

دوسری جانب پی ایس ایل 11 کے لیے ری ٹین کیے گئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو 7، 7 کروڑ روپے میں برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ اس سیزن میں پی ایس ایل کے پلیئرز سلیکشن سسٹم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے اب نیلامی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں، جبکہ باقی اسکواڈ نیلامی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

مزید خبریں