جمعرات,  30 جنوری 2025ء
پیکا ایکٹ پر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) کے صدر افضل بٹ کا کہنا ہے کہ پیکا ایکٹ پر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے۔

اسلام آباد میں ڈی چوک پر احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ صحافی چاہتے تو پارلیمنٹ ہاؤس بھی جاسکتے تھے جب احتجاجی دھرنے کا اعلان کریں گے تو پورے ملک سے لوگ آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج صرف آغاز تھا، اگلے مرحلے میں وکلا تنظیمیں، سول سوسائٹی بھی ساتھ ہوگی، اگلے مرحلے میں سیاسی جماعتوں کو بھی تحریک میں شامل کریں گے۔

افضل بٹ نے کہا کہ صدر مملکت سے درخواست ہے کہ یہ بل آپ کے پاس آئے گا، ہمارے اعتراضات سنیں ہم آپ کو بتائیں گے کہ کون سی شقیں آئین قانون سے متصادم ہیں۔

مزید پڑھیں: سینیٹ نے متنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا

پی ایف یو جے کے صدر نے کہا کہ صحافی فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر اور اس کے مخالف ہیں، آزادی صحافت کے لیے پی ایف یو جے نے ہمیشہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے۔

مزید خبریں