جمعرات,  30 جنوری 2025ء
آئی ایم ایف کی ٹیم اگلے ماہ کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی: ٹاپ لائن ریسرچ

اسلام آباد(روبینہ ارشد) ٹاپ لائن ریسرچ نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم اگلے ماہ کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس دوران مارچ میں پہلے جائزے کیلئے معاشی کارکردگی کا جائزہ لے گی ۔

ٹاپ لائن ریسرچ کے مطابق  آئی ایم ایف ٹیم مارچ میں پہلے جائزے کیلئے معاشی کارکردگی کا جائزہ لے گی، پاکستان میں آئی ایم ایف کےنمائندے نے مجوزہ شیڈول پر فی الحال تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے ۔وزیرخزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف وفد کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا عندیہ دے چکے ہیں ۔

جائزے کے کامیاب اختتام کی صورت میں ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط ملنے کا امکان ہے،  3سالہ قرض پروگرام  2024 سے ستمبر  2027 تک محیط ہے، 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت 6ششماہی جائزے مکمل کئے جائیں گے، اگلی قسط کی ادائیگی کئی شرائط پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔

آئی ایم ایف کے  7 نئے اہداف میں سے زیادہ تر پر حکومت کی کارکردگی مثبت ہے،  حکومت نے ستمبر اور دسمبر  2024 کے زرمبادلہ اہداف کو پورا کیا،  اسٹیٹ بینک کے ڈومیسٹک ایسٹس کا ہدف بھی پورا ہو رہا ہے،  پہلا بجٹ خسارہ اور نئے ٹیکس فائلرز کے اہداف بھی قابلِ حصول ہیں،  بعض اہداف پر معمولی انحراف کے ساتھ درست اقدامات پر بورڈ چھوٹ دے سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے کچھ ریونیو اہداف پورے نہ ہونے کا خدشہ ہے،  تاجر دوست اسکیم کے تحت ٹیکس وصولی ان اہداف میں سے ایک ہے،  ٹارگٹڈ کیش ٹرانسفر کے حوالے سے ڈیٹا اب تک دستیاب نہیں ہے،  حکومت کی موجودہ کارکردگی زیادہ تر معیارات پر پوری اتر رہی ہے،  یہ کارکردگی آئندہ قسط کے حصول کے لیے امید افزا ہے،  ٹیکس اہداف پورا کرنے سمیت بعض کمزوریاں توجہ طلب ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت سے لیپ ٹاپ لینے کیلئے کیسے اپلائی کرنا ہوگا؟ جانئے

مزید خبریں