بدھ,  27 نومبر 2024ء
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی راولپنڈی میں شہید کانسٹیبل محمد مبشر بلال کی نماز جنازہ میں شرکت

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)انسپکٹر جنرل پولیس، ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی کے علاقے ہکلہ میں شرپسندوں کے تشدد سے شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد مبشر بلال کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، پاک فوج کے افسران، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی محمد شاہد، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ سمیت سینئر افسران و اہلکار شریک ہوئے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل محمد مبشر بلال کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس 1700 سے زائد بہادر شہداء اور 2200 سے زائد غازیوں کی میراث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب پولیس کے 119 افسران و اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 4 کو فائر آرمز کی انجریز آئی ہیں، جن میں کریٹیکل اور ہیڈ انجریز بھی شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ اگرچہ پولیس اسلحہ استعمال کر سکتی ہے، لیکن ہمارے جوان اس وقت غیر مسلح تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی 22 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پنجاب پولیس کی فورس 2 لاکھ 10 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہے اور یہ فورس پاکستان اور وفاقی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کبھی اپنے بہادر شہید کی قربانی کو فراموش نہیں کرے گی اور شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کی ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ کانسٹیبل مبشر بلال کی شہادت میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلائی جائے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہید کانسٹیبل محمد مبشر بلال کا تعلق ضلع مظفرگڑھ سے تھا اور ان کے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

مزید خبریں