اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی سحرکامران نے سندھ حکومت کے مثالی اقدامات اورعوامی خدمت کے ایک متاثر کن ماڈل کی بنیاد رکھنے پرشاباش دیتے ہوئے کہا ہےکہ سندھ حکومت ایسے ہی عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری وساری رکھے گی ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں انہوں نے سندھ حکومت کی عمدہ کارکردگی کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہاکہ سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کا مقصد سندھ کے لوگوں کو روایتی بجلی سے آزاد کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ قابل تجدید توانائی کا استعمال نہ صرف بجلی کے بلوں میں بچت کرے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ کو بھی یقینی بنائے گا۔
سندھ فخر کے ساتھ تھر کول پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ میں بجلی فراہم کر رہا ہے، اور سستی قیمت پر ماحول دوست توانائی کو فروغ دینے کے لیے قابل ذکر اقدامات کر رہا ہے۔
آگے چل کر انہوں نے کہاکہ بارش اور سیلاب پروف ہائوسنگ سکیم ،سندھ سول سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن) اور سندھ گورنمنٹ پلاٹ اسکیم حکومت کے اہم کارنامے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب پروف مکانات لوگ کی زندگیاں آسان کرنے کے لئے بنائے گئے ہیں جس کا پی پی پی کے منشور میں وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مفت صحت کی دیکھ بھال کا نظام بھی ایک احسن اقدام ہے ، جدید ترین اسپتالوں اور علاج کی جدید سہولیات کے ساتھ مفت ایئر ایمبولینس سروس بھی عوام کی خدمت کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہے۔
اسی طرح سندھ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے سستی اور محفوظ ٹرانسپورٹ سہولیات کو جدید بنایا ہے۔
پیپلز بس سروس، جس میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں اور صرف خواتین کے لیے پنک بس شامل ہے نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لئے حوصلہ افزا ہے کہ دوسرے صوبوں نے سندھ حکومت کے قابل ستائش منصوبوں کی نقل شروع کر دی ہے۔
سحر کامران نے کہاکہ ہم سندھ حکومت کے ہر اس اقدام کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتے ہیں جس کا مقصدپاکستان کے عوام کی خدمت کرتا ہے۔











