حکومت قاضی فائز عیسٰی کو دوبارہ چیف جسٹس بنا نے کیلئے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے، عمران خان

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)سابق وزیر اعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دو تہائی اکثریت کو قائم کر کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تاکہ دوبارہ قاضی فائز عیسٰی کو چیف جسٹس بنا سکے۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کے لیے پارٹی کو تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے 9 مئی کے نام پر ہماری پارٹی پر کریک ڈاؤن کیا گیا، 9 مئی کی فوٹیج جنہوں نے چرائی، انہوں نے ہی 9 مئی کیا ہے، ہماری آدھی لیڈرشپ کو پکڑ کے جیل میں ڈالا گیا، آدھی لیڈرشپ انڈر گراؤنڈ ہو گئی، باقیوں کو ویگو ڈالا کے ذریعے پارٹی چھڑوا دی۔عمران خان نے بتایا کہ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے تھے، آرمی چیف نے ان کی سپورٹ کی تھی لیکن 8 فروری کو ان کا سارا پلان ناکام ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا اور چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے۔بنگلہ دیش اور پاکستان کے حالات کا موازنہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے حالات بنگلہ دیش سے زیادہ برے ہیں، حسینہ واجد نے آرمی چیف، چیف جسٹس اور پولیس چیفس اپنے لگائے ہوئے تھے، حسینہ واجد نے جماعت اسلامی سمیت تمام اپوزیشن کو دیوار سے لگایا تھا، یہ ساری چیزیں پاکستان میں بھی ہوئی ہیں اور ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں