اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آخری انتباہ جاری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)چیرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایات پر تمام مراکز میں انکروچمنٹ کے خلاف آخری نوٹس دے دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ایف 8 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا اور تمام مراکز اور مارکیٹس میں قائم ریسٹورینٹس کو آخری نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تجاوزات کے خلاف اسلام آباد میں بڑے آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور نوٹس میں تمام کاروباری اور شہری حضرات سے اسلام آباد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔

آخری نوٹس بذریعہ ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر ثانیہ حمید پاشا کی طرف سے جاری کیا گیا ہے ۔

گزشتہ ہفتے سے جاری آپریشن میں سی ڈی اے کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کر کے بنائے گئے شیڈز کو مسمار کر دیا گیا ہے اور اوپن سپیس کی خلاف ورزی کرنے پر بڑے پیمانے پر سامان کو ضبط کیا گیا اور ڈی ایم اے سٹور میں جمع کیا گیا ہے ۔

 

 

ذرائع کے مطابق آپریشن روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف کیا جائے گا اور کسی کو عوامی گزر گایوں اور فٹ پاتھوں کو بند کرنے اور سی ڈی اے کی زمین پر قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا ۔

اسلام آباد کے شہریوں کی طرف سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے دیرینہ مطالبہ تھا۔

ڈی ایم اے کو اسلام آباد سے تمام انکروچمنٹ کو جلد از جلد ختم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔

 

 

چیرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو اسلام آباد کی خوبصورتی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ڈی ایم اے کو تجارتی مراکز/ بلیو ایریا اور دیگر تجارتی / صنعتی مراکز میں واقع گزر گاہوں ، فٹ پاتھ اور برآمدے خالی کرانے تک آپریشن جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید خبریں