اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
2 لاکھ 28 ہزار انکم ٹیکس نان فائلرز کی موبائل سمیں بلاک کردی گئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جانب سے جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں نے مجموعی طور پراب تک 2 لاکھ اٹھائیس ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کردیں جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر باسٹھ ہزار بلاک شدہ سمز بحال کی گئی ہیں۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایف بی آر کی طرف سے بھجوائے جانے والے بیجز پر ٹیلی کام کمپنیاں نان فائلرز کی سمیں بلاک کرکے کمپلائنس رپورٹس فراہم کررہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 2 لاکھ 28 ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کی جاچکی ہیں جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر باسٹھ ہزار سمز بحال کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر کے 100 سے زائد مبینہ کرپٹ افسران کو او ایس ڈی بنانے کا فیصلہ

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو روزانہ کی بنیاد پر 5 ہزار موبائل سمز کا ڈیٹا بھیجا جا رہا ہے اور مجموعی طور پر 5 لاکھ 6 ہزار 6 سو 71 نان فائلزز کی سمز بلاک ہوں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر نے پانچ لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل سم بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔

مزید خبریں