جمعرات,  21 مئی 2026ء
زندہ رہا تو 10 دن میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں کا فیصلہ کر دونگا: جج

اسلام آباد (روشن پاکستا ن نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں دورانِ عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور سزا کی معطلی کی درخواستوں پر جج افضل مجوکا نے سماعت کی۔

بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ پیش کر دیا اور استدعا کی کہ ڈائریکشن آ چکی ہے، کل کے لیے رکھ لیں۔

جج افضل مجوکا نے کہا کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دن میں فیصلہ کر دوں گا، کل ممکن نہیں ہے، بہت سی ضمانت کی درخواستیں لگی ہوئی ہیں، اگر دوسری پارٹی پیش نہ بھی ہوئی تب بھی فیصلہ کر دوں گا۔

عثمان ریاض ایڈووکیٹ نے پھر استدعا کی کہ کل کے لیے سماعت رکھ لیں، نوٹس ریکارڈ کا حصہ ہو جائیں گے۔

جج افضل مجوکا نے کہا کہ آج کی سماعت کا آرڈر لکھ رہا ہوں، اس میں نوٹس سے بڑا کچھ ہو گا۔

مزید پڑھیں: عدت میں نکاح کیس،بشریٰ بی بی کا سزا معطلی درخواست کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو عدت کیس کی اپیل کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں