پیر,  13 مئی 2024ء
معروف امریکی مصنف و صحافی شان کنگ نے اہلیہ سمیت اسلام قبول کرلیا

واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز)ایوارڈ یافتہ معروف لکھاری، صحافی اور انسانی حقوق کے رہنما 44 سالہ جیفری شان کنگ نے اپنی اہلیہ رائے کنگ کے ساتھ اسلام قبول کرلیا۔

شان کنگ کو نسل پرستی اور خصوصی طور پر افریقیوں اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔

شان کنگ صحافت کے علاوہ انسانی حقوق کے رہنما بھی رہے ہیں اور گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں کے خلاف انہوں نے صہیونی ریاست کے خلاف کھل کر بات کی۔

مزیدپڑھیں:لاہور،گرفتار پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج

جیفری شان کنگ کو یہودیوں اور اسرائیل کے خلاف بات کرنے اور فلسطینیوں کی حمایت پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جب کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی پہلے شیڈوبین کیا گیا اور بعد ازاں ان کا اکاؤنٹ غیر فعال ہوگیا۔

شان کنگ گزشتہ چند ماہ سے مسلمانوں اور خصوصی طور پر فلسطینیوں کے حق میں کھل کر سامنے آئے تھے، جس وجہ سے انہیں امریکا میں مخالفت کا بھی سامنا رہا لیکن اب انہوں نے اسلام قبول کرلیا۔

شان کنگ نے فیس بک پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے اور کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دنیا کو بتایا کہ انہوں نے امن اور محبت کے دین کا انتخاب کرلیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ نے بھی ان کے ہمراہ اسلام قبول کیا اور دونوں نے اپنے شہر ڈلاس کی قریبی مسجد میں نماز کی ادائیگی بھی کی۔

شان کنگ نے مزید لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اب دنیا کے دیگر ایک ارب سے زائد مسلمانوں کی طرح روزے بھی رکھیں گے۔

شان کنگ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اسلام قبول کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور متعدد معروف شخصیات اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی ان کی ویڈیو شیئر کی گئی۔

دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر شان کنگ اور ان کی اہلیہ کو دنیا بھر کی معروف شخصیات نے مبارک باد بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ ان سے ایک ہفتہ قبل فلسطینیوں کی مخالفت کرنے والے برازیلین مارشل آرٹ فائٹر نے بھی مسئلہ فلسطین کے حقائق کا علم ہونے پر اسلام قبول کرلیا تھا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News