بدھ,  07 اکتوبر 2026ء
بریڈفورڈ میں بچی سے جنسی زیادتی، 15 مجرموں کو مجموعی طور پر 188 سال قید

بریڈفورڈ (روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ایک کم عمر لڑکی کو برسوں تک جنسی زیادتی اور استحصال کا نشانہ بنانے کے جرم میں 15 افراد کو مجموعی طور پر 188 سال قید کی سزائیں سنا دی گئیں۔

عدالت کے مطابق متاثرہ لڑکی 2007 سے 2011 کے دوران 14 سے 18 سال کی عمر میں تھی، جب ملزمان نے اسے متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مقدمے کی کارروائی تقریباً دو سال تک جاری رہی، جبکہ عدالتی حکم کے باعث کیس کی تفصیلات کی اشاعت پر پابندی عائد تھی۔

عدالت نے 3 جون 2026 کو مقدمے کی رپورٹنگ پر عائد پابندی ختم کردی، جس کے بعد کیس کی تفصیلات سامنے آئیں۔ پولیس نے نومبر 2015 میں پرانے ریکارڈز کا جائزہ لیتے ہوئے انکشاف کیا کہ متاثرہ لڑکی بچپن میں متعدد مرتبہ گھر سے لاپتا ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے اس سے رابطہ کیا اور فروری 2016 میں باقاعدہ تحقیقات شروع کیں۔

ایران جنگ کے اثرات: برطانیہ میں ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

عدالت نے مختلف جرائم میں ملوث 15 ملزمان کو 8 سے 17 سال تک قید کی سزائیں سنائیں۔ مقدمے میں یوسف بھٹی کو 17 سال، انوار عزیز، فیصل رشید اور عمر تاج کو 15، 15 سال جبکہ دیگر ملزمان کو مختلف مدت کی سزائیں دی گئیں۔

سزا سنائے جانے کے بعد متاثرہ خاتون نے کہا کہ ملزمان نے اس سے وہ سب کچھ چھین لیا جسے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے نے ان کی زندگی کے 20 سال متاثر کیے اور ان کا بچپن ان سے چھین لیا گیا۔

بریڈفورڈ پولیس کی چیف انسپکٹر وکی گرین بینک نے متاثرہ خاتون کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے اپنے گھناؤنے مقصد کے لیے ایک بچی کا استحصال کیا۔ انہوں نے دیگر متاثرین پر بھی زور دیا کہ واقعہ کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو، وہ پولیس سے رابطہ کریں۔

مزید خبریں