اتوار,  23 جون 2024ء
ساکھ بچانے کا مشن، شاہینوں کا آج کینیڈا کیخلاف اہم میچ

نیویارک(روشن پاکستان نیوز) بھارت سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا میچ ہارنے کے بعد قومی ٹیم آج کمزور کینیڈا کیخلاف زور آزمائے گی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیمیں نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔

قومی ٹیم کی سپر 8 مرحلے میں رسائی مشکل

امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی سپر 8 مرحلے میں رسائی مشکل نظر آتی ہے، دو میچ ہارنے کے بعد پاکستان کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کیلئے اب دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا ہو گا، پاکستان کو رسائی کیلئے بقیہ دو میچ جیتنا اور امریکا کا دونوں میچ ہارنا لازمی ہے۔

پاکستان کو اگلے دو میچز کینیڈا اور آئرلینڈ کیخلاف کھیلنا ہیں جبکہ امریکا کو بھارت اور آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے، میزبان اگر ایک میچ اور جیت گیا تو وہ سپر 8 کیلئے کوالیفائی کر لے گا، امریکا کیخلاف آئرلینڈ اور بھارت کی فتح کی صورت میں پاکستان کا آئرلینڈ کیخلاف میچ ناک آؤٹ ہو گا۔

قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست سے شائقین شدید مایوس

قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستانی شائقین شدید مایوسی کا شکار ہیں، شائقین کا کہنا ہے بھارتی باؤلرز نے پاکستانی بیٹرز کو چاروں شانے چت کر دیا، ٹیم کی کارکردگی صفر ہے اور مراعات کا کوئی حساب نہیں۔

شائقین کا مزید کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کہنے کو چوٹی کے بیٹرز ہیں، اصل کارکردگی دکھانے کا دن آیا تو ڈھیر ہو گئے، بابر اعظم کپتان ہیں لیکن ان سے رن بنتے ہی نہیں، کپتان کے بھارت کے سامنے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔

دوسری جانب میچ ہارنے کے بعد ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ اچھی تھی، گیند بیٹ پر اچھی آرہی تھی، بیٹنگ میں ابتدائی 10 اوورز اچھا کھیلے، اننگز کے بقیہ 10 اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں ہوسکی، کچھ گیندیں توقع کے مطابق بیٹ پر نہیں آئیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News