پیر,  12 اکتوبر 2026ء
کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد شہید

کوئٹہ(روشن پاکستان نیوز) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس جامِ شہادت نوش کرگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حادثہ کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی کے قریب اس وقت پیش آیا جب تربیتی طیارہ اپنی معمول کی پرواز پر تھا، پرواز کے دوران طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی جو حادثے کا سبب بنی۔

فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والوں میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور اسٹوڈنٹ پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شامل ہیں، سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے مقام کو گھیراؤ میں لے لیا اور قانونی و رسمی کارروائیاں مکمل کیں۔
بتایا جارہا ہے کہ تربیتی طیارے کے حادثے اور افسران کی شہادت پر مملکت کے سربراہان نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا، صدرِ مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اسی طرح وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے اہل و عیال کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔

مزید خبریں