اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں روایتی پاسپورٹ مرحلہ وار ختم کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت درخواست گزار گھر بیٹھے پاسپوررٹ حاصل کرسکتا ہے۔
پاکستان میں سفری دستاویزات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے روایتی مشین ریڈیبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کو مرحلہ وار ختم کرکے جدید ای پاسپورٹ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت شہری مستقبل میں موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے، آن لائن فیس ادا کریں گے اور پاسپورٹ ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس محمد عبد الخالق نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے اپنا پہلا ای پاسپورٹ 2022 میں جاری کیا تھا، تاہم اس وقت کا نظام ای گیٹس سے مکمل طور پر منسلک نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2025 میں اس نظام کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور اب پاکستان کے پاس بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل ای پاسپورٹ سسٹم موجود ہے۔ ای پاسپورٹ میں جدید لیزر اینڈ گریونگ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ شامل ہوتا ہے، جس کی بدولت اس کی جعل سازی انتہائی مشکل ہو جاتی ہے۔
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستان کا نمبر کونسا؟
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ای گیٹس پر پاسپورٹ میں موجود ڈیجیٹل معلومات فوری طور پر تصدیق کی جا سکیں گی، جس سے پاکستانی مسافروں کو طویل جانچ پڑتال اور غیر ضروری انتظار سے نجات ملے گی۔
ایک سوال کے جواب میں محمد عبد الخالق نے بتایا کہ پاکستان کی بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے ساتھ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جو مکمل ہونے کے بعد پاکستانی ای پاسپورٹ دنیا بھر میں ای گیٹس پر مزید مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ درخواست کا عمل بھی مکمل طور پر آسان بنایا جا رہا ہے۔ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو پاسپورٹ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک سے اپنی درخواست، تصاویر اور دیگر مطلوبہ دستاویزات آن لائن جمع کراسکیں گے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ اگر کسی شہری کو بائیومیٹرک تصدیق یا آن لائن درخواست میں دشواری پیش آئے تو وہ قریبی پاسپورٹ یا نادرا دفتر جا کر اپنا ڈیٹا جمع کرا سکے گا، تاہم اسے طویل قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر انٹرویو بھی آن لائن لیا جاسکے گا جبکہ مطلوبہ دستاویزات ڈیجیٹل صورت میں طلب کی جائیں گی، پاسپورٹ فیس بھی موبائل بینکنگ ایپس یا ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکے گی، جس سے پورا عمل زیادہ شفاف، تیز اور شہریوں کے لیے آسان ہوجائے گا۔











