اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی جانب سے میٹرک نتائج میں غیرحاضر ظاہر ہونے والے طلبا کے لیے پیغام جاری کیا گیا ہے۔
بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن طلبا کے نتائج میں (غیر حاضر) یا کسی دوسرے تکنیکی مسئلے کی وجہ سے غلط معلومات ظاہر ہورہی ہیں وہ پریشان نہ ہوں، یہ عارضی تکنیکی مسئلہ ہے جسے جلد حل کردیا جائے گا۔
تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے تمام پرچے دیے ہیں تو انشا اللہ آپ کا ریکارڈ درست کردیا جائے گا اور آپ کی مارک شیٹ میں درست نتائج ہی درج ہوں گے۔
میٹرک کے نتائج کا اعلان، رزلٹ آن لائن چیک کریں
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی بورڈ نے دہم جماعت (میٹرک) سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2026 کے نتائج جاری کیے تھے۔
میٹرک سائنس گروپ کے سالانہ امتحانات میں مجموعی کامیابی کا تناسب 80.87 فیصد رہا، 1 لاکھ 75 ہزار 200 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 1 لاکھ 41 ہزار 868 کامیاب اور 29 ہزار 655 ناکام رہے، 952 امیدوار غیر حاضر رہے۔
محمد اذلان سید نے 1040 نمبر (94.55 فیصد) کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، ریجا کامران نے 1034 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ عائشہ عدنان نے 1033 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 35 ہزار 529 رہی۔











