راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب اڑان بھرتے ہی فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی جوان اور عملہ شہید ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر مظفرآباد کے قریب ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا تاہم حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی جوان اور عملہ شہید ہوگیا۔
پاکستان کا دشمن اب بری نظر ڈالنےکی جرات نہیں کرےگا، وزیراعظم شہباز شریف
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے، جبکہ حادثے کی اصل تکنیکی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارافسوس کرتے ہوئے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِجمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کوسلام پیش کرتی ہے۔











