اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) علی مصطفیٰ ڈار (مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات) کی اسلام آباد کلب میں منعقدہ یوتھ کانفرنس میں آمد پر رانا مشہود احمد خان (چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام) نے ان کا پرتپاک استقبال کیاکانفرنس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھااپنے خطاب میں علی مصطفیٰ ڈار نے کہا کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل اسکلز کے فروغ کے لیے حکومت تیزی سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ہنر اور ڈیجیٹل تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیںانہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز اور مواقع فراہم کر رہی ہے، جن کا مقصد انہیں خودمختار بنانا اور ملکی ترقی میں ان کا کردار بڑھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور انہیں بااختیار بنانا اولین ترجیح ہےتقریب کے دوران سید ذیشان علی نقوی (فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام و سابق ڈپٹی میئر) نے علی مصطفیٰ ڈار کو خصوصی تحفہ پیش کیا، جبکہ اس موقع پر رانا مشہود احمد خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے کانفرنس میں دیگر مقررین نے بھی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس نوعیت کی مزید تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا











