اتوار,  03 مئی 2026ء
ملک بھر میں آج سے گرمی میں مزید اضافے کا امکان، کراچی کا پارہ 40 ڈگری متوقع

کراچی(روشن پاکستان نیوز): سندھ اور پنجاب میں موسم کی دوہری صورتحال پیدا ہوگئی ہے، کہیں شدید گرمی تو کہیں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے کئی شہروں میں آج صبح سے ہی سورج آگ برسا رہا ہے، جبکہ پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش، بعض مقامات پر ژالہ باری

تاہم ہوا میں نمی کے تناسب کے باعث گرمی کی شدت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے۔ اندرون سندھ میں صورتحال مزید سنگین ہے جہاں جیکب آباد، دادو اور حیدرآباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سکھر میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچ گیا۔

بلوچستان کے علاقوں تربت اور سبی میں درجہ حرارت 45 ڈگری، جبکہ پنجاب کے شہروں بہاولپور میں 42، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، جہاں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج قصور، شیخوپورہ، پوٹھوہار، خطہ کشمیر اور پنجاب کے دیگر کئی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ان علاقوں میں تپش کم ہونے کی امید ہے۔

مزید خبریں