مردان(روشن پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں مائننگ کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
رستم پلوڈھیری کے پہاڑ پر سنگ مرمر نکالنے کے دوران دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پہاڑی تودہ گر گیا۔ لینڈ سلائنڈنگ کے وقت 12 مزدور کان کنی میں مصروف تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کا عملہ ہیوی مشینری سمیت موقع پر پہنچا اور امدادی کاررائیاں شروع کیں۔ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ایک مزدور کی تلاش جاری ہے۔
پشاور، نوشہرہ، مردان، ہری پور، لنڈی کوتل سمیت کئی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مردان مائننگ حادثے کا نوٹس لیا اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
سہیل آفریدی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی، جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی اور انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو آپریشن تیز کرنے کا کہا۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے حادثے کی وجوہات جاننے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مائننگ میں سکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔











