چکوال میں شراب فروشوں کے خلاف سٹی پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، متعدد بدنام زمانہ ڈیلرز گرفتار، عید سے قبل سینکڑوں بوتل شراب برآمد

چکوال (عرفان حیدر /کرائم رپورٹر) سٹی پولیس چکوال نے شراب فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد بدنام زمانہ شراب فروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے عید الفطر کے موقع پر فروخت کے لیے ذخیرہ کی گئی سینکڑوں بوتل شراب برآمد کر لی گئی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران سابق کونسلر عمانوئیل کے صاحبزادے عدیل شوکت اور چاند نامی ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 230 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمان نے عید کے موقع پر فروخت کے لیے شراب کا ذخیرہ کر رکھا تھا۔ اسی طرح سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ شراب فروش فرحت عرف پپو ولد طارق فرانسس کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 150 بوتل شراب برآمد کی جبکہ ایک اور چھاپے کے دوران فرخ سیار عرف ببی ولد طارق مسیح سے بھی 150 بوتل شراب برآمد کر لی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرسچئن کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے شراب کے بڑے ڈیلر عدنان فرانسس عرف بابو ولد انور کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 200 بوتل شراب برآمد ہوئی۔ مزید کارروائیوں میں سٹی پولیس نے راشد گل ولد عنایت مسیح کے قبضے سے 120 بوتل شراب جبکہ عامر عرف زبیر ولد انور مسیح سے 110 بوتل شراب برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ سٹی پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں نے شراب فروشی اور منشیات کے کاروبار کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد: حلقہ پٹواری روات کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری

مزید خبریں