هفته,  05  ستمبر 2026ء
احسن اقبال کا جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کا دورہ، اوورسیز پاکستانیوں سے اہم ملاقات

جدہ(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پروفیسر احسن اقبال نے پارلیمانی سیکریٹری برائے آبپاشی پنجاب رانا محمد فیاض ایم پی اے کے ہمراہ جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کے نئے چانسری بلڈنگ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان اور قونصلیٹ کے افسران نے وفاقی وزیر کو نئے چانسری کمپلیکس میں پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات، خدمات اور مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پروفیسر احسن اقبال نے کمیونٹی کو بہتر اور مؤثر قونصلر خدمات کی فراہمی اور پاکستانی شہریوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے نئے اقدامات کو سراہا۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے پاکستانی کمیونٹی کے منتخب نمائندوں اور ارکان کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے حکومت کے اہم منصوبے ’’اڑان پاکستان‘‘ (Uraan Pakistan) اور ملکی معیشت کو مستحکم اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔

پی سی بی اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا تاریخی معاہدہ

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا مقصد پاکستان کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے اس قومی وژن کی تکمیل میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی سرمایہ کاری، مہارت، تجربے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط روابط کے ذریعے ملکی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور تجاویز بھی سنیں اور قومی ترقی کے عمل میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی مؤثر شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید خبریں