جمعرات,  13  اگست 2026ء
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر ’’ایک قوم، ایک آواز‘‘ کے عنوان سے عالمی ورچوئل کانفرنس

مانچسٹر ( شیخ اعجاز افضل) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام ’’ایک قوم، ایک آواز‘‘ کے عنوان سے شاندار انٹرنیشنل ورچوئل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے فورم کے عہدیداران، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، وفاقی و صوبائی وزراء، معروف اینکر پرسنز، دانشوروں اور اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی نظامت فورم کے جنرل سیکرٹری شیخ اعجاز افضل نے کی۔

کانفرنس سے پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر اور صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قومی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی، پاک سعودی عرب ترکی دفاعی تعاون اور ایران امریکہ جنگ بندی کے حوالے سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر جنگلات و ماحولیات راجہ ناصر علی خان، چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا، ایمبیسیڈر ڈاکٹر عابد ندیم ملک، وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹر اکرام اللہ خان، ڈاکٹر ماجد الغفار، امریکی سیاستدان شازیہ شاہ، ہینہ لوٹس، صدر پی ایف یو جے رانا عظیم، سابق مشیر چوہدری اظہر عباس وڑائچ، قونصل جنرل مانچسٹر امتیاز فیروز گوندل، چیئرمین تحریک حق خود ارادیت کشمیر انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین، سینئر اینکر جاوید غفاری اور چیئرمین جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی انجینئر عارف سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، یکجہتی، قربانی اور وطن سے والہانہ محبت کا درس دیتا ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اور اوورسیز صحافی دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت، روشن اور حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قومی دنوں کو بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی اور پاکستان سے وابستگی کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے ’’ایک قوم، ایک آواز‘‘ کے پیغام کو فروغ دینے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں