بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف مانچسٹر میں پی ٹی آئی کے مظاہرے

لندن (روشن پاکستان نیوز) اکستان میں انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کیخلاف برطانیہ کے شہرمانچسٹر میں بھی مظاہرے کیے گئے۔مانچسٹر میں پاکستانی وکشمیری کمیونٹی نے پاکستان قونصلیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے الیکشن کمیشن کیخلاف نعرے لگائے اورکہاکہ انتخابات میں بڑے پیمانے پردھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کوکچلا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں حالیہ انتخابات کے نتائج پر جہاں پاکستان بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، وہاں پاکستان تحریک انصاف نارتھ ویسٹ کے زیر اہتمام پاکستانی قونصلیت کے باہر بھی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے کی قیادت پاکستان تحریک انصاف نارتھ ویسٹ مانچسٹر کے صدر آصف بشیر بٹ نے کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،جن پر ہمیں انصاف چاہیے، دھاندلی نہ منظور ،اور عمران خان کو رہا کرو ،کے نعرے درج تھے مظاہرین میں پی ٹی آئی کے کارکنان عہدے داران اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی.

اس موقع پر پاکستان کا قومی ترانہ بھی بلند آواز میں لائوڈ اسپیکر پر چلایا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نارتھ ویسٹ مانچسٹر کے صدر آصف بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے تھے، لیکن کم از کم 80 سیٹوں پر آرو نے نتائج تبدیل کر دیے جو کہ عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا نارتھ ویسٹ کا مظاہرہ کا مین مقصد یہ تھا کہ پاکستان میں جو حالیہ الیکشن ہوئے ،اس میں دھاندلی کے خلاف اپنا ریکارڈ درج کرانا ہے .

انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن پاکستان کے ادارے اور سپریم کورٹ سے یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ جو فارم 45 تھا اس کو تسلیم کیوں نہیں کیا جا رہا ،انہوں نے کہا کہ فارم45 کے ذریعے نتائج کو تبدیل کیا جا رہا ہے، جو سراسر نا انصافی ہے،یہ پاکستان کی عوام کا استحصال ہے ، انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ کی صدر محترمہ مہر نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر قبضے کی کوشش ناکام بنا دی جائے گی، ملک میں سیاسی بحران پیدا کیا جا رہا ہے ہم اس کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے.

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اس وقت لیڈنگ پوزیشن پر ہے، اور ہم نے اب تک 180 سیٹیں جیت لی ہیں، اور اس کے فارم 45 بھی موجود ہیں ،انہوں نے مزیدکہاکہ یہ 1971 نہیں،یہ سوشل میڈیا کا دور ہے دھاندلی اور ناانصافی نہیں ہونے دیں گے،ان کا کہنا تھاکہ ہمارے پاس ان کی دھاندلی کے تمام ثبوت موجود ہیں، اور ہم نے انٹرنیٹ پر بھی یہ جاری کر دیے ہیں، پی ٹی آئی رہنما چوہدری اخلاق نے کہا کہ ملک کواس وقت مستحکم کی ضرورت ہے لیکن اس دھاندلی کے ذریعے ایک ایسی حکومت بننے جا رہی ہے ،جو ملک اہم فیصلے نہیں کر سکے گی ۔

مزیدپڑھیں: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں کے نتائج روک دیے

اس موقع پر دیگر شرکا نے کہا کہ اس وقت تمام پاکستانی مانچسٹر میں پاکستانی کونصلیٹ کے سامنے آئے ہوئے ہیں اور دھاندلی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، شرکا اور دیگر پارٹی عہدے داران نے کہا کہ ہم اس دھاندلی کو ناکام بنا دیں گے، ہم اس وقت 180 سے زیادہ سیٹوں پر جیت چکے ہیں لیکن ہمیں ہرانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں