شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی اور پھر متعدد خودکش حملے بھی کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گر گیا، خودکش حملوں کے دوران 5 جوان شہید ہوئے۔
ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف نے تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی اور 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔
شہید حوالدار صابر کا تعلق ضلع خیبر اور نائیک خورشید کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید سپاہی ناصر کا تعلق پشاور اور سپاہی راجہ کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔