اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)خصوصی عدالت نے اداروں کے خلاف مہم چلانے کے کیس میں صحافی اسد طور کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور نے اداروں کے خلاف مہم چلانے کے کیس میں صحافی اسد کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
اسد کے وکیل ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر سید اشفاق حسین شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
کیس کے تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے، وکیل ہادی علی چٹھہ نے سپریم کورٹ کی آبزرویشن عدالت میں جمع کرائی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر اور اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے سے پوچھا کہ کیا یہ آبزرویشن درست ہے؟
جس پر ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ہاں یہ آبزرویشن درست ہے، عدالت نے اسد کی گرفتاری کے بعد ضمانت منظور کی، اسپیشل جج ہمایوں دلاور نے اسد کی پانچ ہزار روپے کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا۔