پشاور (روشن پاکستان نیوز) خیبرپختونخوا میں بارش اوربرفباری کاسلسلہ جاری ہے ، چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈی جی ریسکیو پشاور کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 بچے، خاتون اور مرد شامل ہیں جبکہ جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں ، چھتیں گرنے کے واقعات کے دوران متعدد جانور بھی ہلاک ہوئے، چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، لوئر دیر اور باجوڑ میں پیش آئے۔
ڈی جی ریسکیو کا بتانا ہے کہ مختلف اضلاع میں چھتیں گرنے سے مالی نقصانات بھی ہوئے۔
لوئر دیر میں مٹی کا تودہ گھر پر گِرگیا، ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے، اسی طرح ملاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں تیزبارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں کمسن بچی سمیت جاں بحق ہوگئی ۔ تحصیل بائزئی میں مکان کی چھت گرنے سے تین خواتین زخمی ہوئیں ، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان، بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر PDMA کی رپورٹ جاری
ضلع خیبر میں آج تیسرے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور شاہراہیں بند ہونے سے معمولات زندگی متاثرہوئے ہیں ۔











