پیر,  16  ستمبر 2024ء
منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سےمونس الہٰی کی تمام جائیدادیں منجمد

اسلام آباد(روشن پاکستا ن نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کی تمام جائیدادیں منجمد کر دیں۔

لاہور کی خصوصی سینٹرل عدالت میں مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی، ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالت نے مونس الٰہی کی منجمد جائیدادوں کی مزید منتقلی روک دی۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق مونس الٰہی کو اس عدالت نے تنبیہ کی ہے جب کہ مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 30 جنوری کو لاہور کی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیا تھا۔

ایف آئی اے لاہور نے انٹرپول کے ذریعے مونس الٰہی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے خط بھیجا تھا اور خصوصی عدالت سنٹرل نے مونس الٰہی کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ 3 اکتوبر 2023 کو لاہور ہائی کورٹ نے مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس خارج کر دیا تھا، 8 دسمبر کو سپریم کورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے چوہدری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں ایف آئی آر بحال کر دی تھی۔ ایف آئی اے کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News