هفته,  13 جولائی 2024ء
سنسنی خیز مقابلے میں جنوبی افریقا کو شکست، بھارت دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ چیمپئن بن گیا

بھارت سنسی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دیکر عالمی چیمپئن بن گیا۔

بارباڈوس کے برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے فائنل میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتا۔

اس موقع پر روہت شرما کا کہنا تھاکہ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا اور ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی، ہر کھلاڑی کو اپنے کردار کو سمجھ کر کھیلنے کی ضرورت ہے۔

دونوں ٹیمیں ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور کوئی میچ نہیں ہاری ہیں۔

بھارت کی اننگز

بھارت کی جانب سے  کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز کا آغاز کیا اور23 کے مجموعی اسکور پر شرما کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد رشبھ پنٹ بغیر کوئی رن اور سوریا کمار یادیو 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کوہلی اور اکسر پٹیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے، اکشر پٹیل 31 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کوہلی اور ڈوبے نے بھارتی بیٹنگ کو سنبھالا تاہم کوہلی 76 رنز بناکر کیچ دے بیٹھے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز  میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ کوہلی 76، اکشر 47 اور شیوام دوبے 27 رنز بناکر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے اینریخ نورکیا اور کیشو مہاراج نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی اننگز

بھارت کے 177 رنز کے ہدف میں جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی دو وکٹیں 12 رنز پر گر گئیں۔

کوئنٹن ڈی کک اور ٹرسٹن ٹبس نے تیسری وکٹ پر 58 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تاہم ٹرسٹن ٹبس 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کوئنٹن ڈی کک 39 رنز بناکر کلدیپ کو کیچ دے بیٹھے تاہم کلاسن نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

آخری اوور میں جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 16 رنز درکار تھے تاہم ہاردک پانڈیا کی گیند پر سوریا کمار یادیو نے ملر کا باؤنڈری پر شاندار کیچ لیا۔ اگلی گیند پر 4 رنز بنے پھر تیسری پر ایک رن بن سکا۔ چوتھی گیند پر بھی ایک رن آیا، اگلی وائیڈ بال ہوئی جس کے بعد پانچویں گیند پر ربادا کیچ آؤت ہوگئے اور بھارت سنسنی خیز مقابلے بعد دوسری بار ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بن گیا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News