کراچی (روشن پاکستان نیوز) کراچی مین کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے سولجربازارمیں کارروائی کرکے پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرنیوالے ایک کارندے کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا، یہ ملزم ممتاز مذہبی عالم مفتی تقی عثمانی پر حملے میں بھی ملوث رہا ۔
انچارج سی ٹی ڈی خرم وارث نے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا کہ کراچی میں سی ٹی ڈی سیل نے حساس ادارے کیساتھ مل کر سولجر بازار میں کارروائی کی جسکے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم سید مہدی غیر ملکی ایجنسی کی ہدایات پر اسکے بتائے ہوئے ہائی ویلیو ٹارگٹ کی ریکی کرنیکے بعد اسکی انفارمیشن اپنے گروپ کو دیتا تھا، اس انفارمشین کی بناء پر غیر ملکی ایجنسی کے کارندے ٹارگٹ کلنگ کرتے تھے۔گرفتار ملزم گروہ کیلئے اسلحہ اپنے گھر میں رکھنے اور ضرورت پڑنے پر اس اسلحہ کی متعلقہ مقام پر ترسیل کا کام کرتا ہے،گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔