اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) گوگل نے اینڈرائیڈ 17 آپریٹنگ سسٹم کو باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔
اس آپریٹنگ سسٹم کو گوگل کے اپنے پکسل اسمارٹ فونز میں سب سے پہلے متعارف کرایا گیا ہے مگر متعدد فیچرز کچھ ماہ بعد دستیاب ہوں گے۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں مختلف فیچرز جیسے جیمنائی انٹیلی جنس، انٹیلی جنس آٹو فل اور دیگر صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
ان فیچرز کا اعلان گوگل کی جانب سے مئی 2026 میں سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیے گئے تھے۔
ان میں سے کچھ فیچرز کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
ملٹی ٹاسکنگ
پرانے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹمز میں گوگل کی جانب سے میسجنگ ایپس کے گروپس میں ببل فیچر کافی عرصے سے موجود ہے تاکہ ہوم اسکرین پر فلوٹنگ ببل تک آسانی سے رسائی حاصل ہوسکے۔
اب نئے آپریٹنگ سسٹم میں ہر ایپ کے لیے ببلز فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
آپ ہوم اسکرین پر کسی بھی ایپ پر کچھ دیر کلک کریں گے تو ببل فلوٹنگ آئیکون اسکرین پر نمودار ہوگا۔
گوگل کا ہیکرز کا خفیہ ترین منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ
جب آپ اس ایپ پر رسائی چاہیں گے تو ببل پر کلک کرکے ایسا ممکن ہوگا اور وہ ایپ ایک چھوٹی ونڈو میں اوپن ہوگی۔
نئے سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز
نئے آپریٹنگ سسٹم میں نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔
اب آپ کسی ایپ کو مستقبل کی بجائے عارضی لوکیشن تک رسائی فراہم کرسکیں گے جبکہ اضافی کنٹرولز سے مخصوص چیزوں کو ہی شیئر کرسکیں گے۔
گوگل کی جانب سے فائنڈ ہب میں مارک ایز لوسٹ فیچر کو بہتر بنایا گیا ہے تو اگر فون چوری ہو جائے تو اسے اوپن کرنے کے لیے بائیو میٹرک ڈیٹا کی ضرورت ہوگی۔
اسی طرح فراڈ سے تحفظ کے لیے لائیو تھریٹ ڈیٹیکشن فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جیمنائی انٹیلی جنس
گوگل کے مطابق نئے آپریٹنگ سسٹم میں نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سسٹم جیمنائی انٹیلی جنس موجود ہوگا جو آپ کی عادات کے بارے میں جان کر کام کرے گا۔
ایجنٹک اے آئی سے لیس یہ نیا اے آئی سسٹم کافی کچھ کرسکے گا۔
میٹریل ایکسپریسیو اپ ڈیٹس
گوگل کی جانب سے گزشتہ سال کے میٹریل ڈیزائن کے ورژن کو جیمنائی کے ذریعے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
اینڈرائیڈ 17 میں گوگل اے آئی کو بیک گراؤنڈ اور سرفیس کو ڈیزائن کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
کروم آٹو براؤز
کروم آٹو براؤز فیچر جون کے آخر میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں دستیاب ہوگا اور آپ جیمنائی کو مختلف کام جیسے پارٹی پلان، اپائنمنٹس اور دیگر کے لیے استعمال کرسکیں گے۔
انٹیلی جنٹ آٹو فل
آٹو فل فیچر نیا نہیں مگر اینڈرائیڈ 17 میں اے آئی کو اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
جیمنائی اب زیادہ پیچیدہ تفصیلات جیسے پاسپورٹ یا لائسنس نمبر مختلف اینڈرائیڈ ایپس اور گوگل کروم میں سنگل کلک پر بھرنے کا کام کرے گا۔
ڈیوائس سوئچ
گوگل کی جانب سے آئی فون سے اینڈرائیڈ پر سوئچ کرنے کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے اور زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔
اب ڈیوائس کی ہوم اسکرین پر شارٹ کٹس کے ذریعے آپ آئی او ایس ڈیوائسز سے ڈیٹا ٹرانسفر کرسکیں گے۔











