جمعرات,  03  ستمبر 2026ء
اسلام آباد پولی کلینک ہسپتال کے باہر سے اغواء ہونے والی 8 ماہ کی بچی حرین 2 گھنٹے میں بازیاب، ملزمان گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک ہسپتال کے باہر سے اغواء ہونے والی 8 سے 9 ماہ کی معصوم بچی کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی گھنٹے میں بازیاب کروا لیا۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون اپنی تین بچیوں کے ہمراہ پولی کلینک ہسپتال کے باہر پارکنگ شیڈ کے نیچے سو رہی تھی جو بچی کے علاج کے سلسلے میں وہاں موجود تھی متاثرہ ماں کے مطابق رات گئے تک تینوں بچیاں اس کے پاس ہی تھیں لیکن صبح تقریباً 4 سے 5 بجے کے قریب جب اس کی آنکھ کھلی تو اس کی سب سے چھوٹی 8/9 ماہ کی بچی حرین غائب تھی خاتون کے شور مچانے پر ہسپتال انتظامیہ اور قریبی افراد جمع ہو گئے اور واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی متاثرہ بچی کی والدہ نے شک کی بنیاد پر پولیس کو بتایا کہ ایک خاتون اس کے قریب ہی سو رہی تھی، جبکہ رات کے وقت اس خاتون کی بیٹی اور داماد بھی وہیں موجود تھے، صبح اٹھنے پر وہ دونوں غائب پائے گئے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز کی سربراہی میں تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او ذوالفقار علی اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر موجود اغواء کار کی ساس کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا دوران تفتیش جب زیر حراست خاتون نے اپنے داماد کو بتایا کہ اسے پولیس نے اٹھا لیا ہے تو وہ بچی کو لے کر خود ہی تھانے پہنچ گئے پولیس نے بچی کو بحفاظت بازیاب کر کے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی بچی کی بازیابی کے بعد اسے اس کی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ بچی کو دیکھ کر ماں کی خوشی دیدنی تھی۔ متاثرہ فیملی نے بروقت کارروائی پر ایس پی سٹی ڈاکٹر ایاز اور اسلام آباد پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں