اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 145.505 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس، آئس، افیون اور کوکین ضبط کی گئی۔
ملتان میں ایک کوریئر آفس میں ارجنٹائن سے آنے والے پارسل کی تلاشی کے دوران لیڈیز اسیسریز میں چھپائی گئی 205 گرام کوکین برآمد ہوئی۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول پھاٹک کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ حسن ابدال، اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
جی ٹی روڈ پشاور کے قریب کارروائی کے دوران دو خواتین کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں اے این ایف کا کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 8 ملزمان گرفتار
کراچی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی، ملیر کے قریب 62 کلوگرام آئس ضبط کی گئی، جبکہ ضلع چاغی کے سٹی بائی پاس کے قریب ایک ٹرک سے 70 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔
ایک اور کارروائی میں اسلام آباد کے کوریئر آفس میں موجود پارسل کے شوز باکس سے 2.5 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے سلسلے میں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











