کراچی(روشن پاکستان نیوز) فیصل بینک لمیٹڈ (FBL) نے 11ویں پاکستان بینکنگ ایوارڈز 2026 میں ایک بار پھر پاکستان کے بہترین بینک (مڈ سائز) کا اعزاز حاصل کرلیا۔ یہ مسلسل دوسری بار ہے کہ فیصل بینک کو اس کی کارکردگی پر یہ اہم قومی ایوارڈ دیا گیا ہے۔
فیصل بینک پاکستان کے نمایاں اسلامی بینکوں میں شمار ہوتا ہے اور ملک بھر میں اس کی شاخوں کا نیٹ ورک 900 برانچز تک پھیل چکا ہے۔ بینک کے مطابق یہ اعزاز اس کی مضبوط مالی کارکردگی، ڈیجیٹل صلاحیتوں میں توسیع، صارفین پر مرکوز حکمت عملی اور شریعہ کے مطابق جدید مالیاتی حل فراہم کرنے کے عزم کا اعتراف ہے۔
گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جما ابول نے کہا کہ مسلسل دوسری مرتبہ بہترین مڈ سائز بینک کا اعزاز حاصل کرنا فیصل بینک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی بینک کی تبدیلی کے سفر اور ملک بھر میں صارفین کو جدید، صارف دوست اور شریعہ کمپلائنٹ بینکاری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔
فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے کہا کہ یہ ایوارڈ بینک کی اسلامی مالیاتی خدمات کی بڑھتی ہوئی قوت اور طویل المدتی حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مسلسل اعتماد بینک کی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
رواں ماہ چین کے 1.4 ارب ڈالر قرض سمیت 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی: گورنر اسٹیٹ بینک
صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل بینک یوسف حسین نے کہا کہ مسلسل دوسری بار یہ اعزاز حاصل کرنا ایک بڑا اعزاز ہے اور صارفین کے اعتماد اور بینک کے ملازمین کی محنت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے یہ کامیابی فیصل بینک کے معزز صارفین اور پوری ٹیم کے نام کی۔
پاکستان بینکنگ ایوارڈز ملکی مالیاتی شعبے میں نمایاں کارکردگی، جدت اور مثبت اثرات مرتب کرنے والے اداروں کو اعزاز دینے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔
فیصل بینک کا کہنا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملنے والی یہ پذیرائی اس کے مضبوط، پائیدار اور ڈیجیٹل طور پر فعال اسلامی بینکاری ماڈل کی جانب پیش رفت کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ بینک پاکستان کے مالیاتی شعبے میں معیار اور بہترین کارکردگی کے نئے معیارات قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











