پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقدامات سے متعلق قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے قرارداد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی جانب سے جنرل اسمبلی میں جمع کرائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے اقدامات سے متعلق قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ جنرل اسمبلی نے مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، دشمنی یا تشدد پر اکسانے کی مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کو قرآن پاک کی بے حرمتی، مساجد اور مزارات پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سامنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا دنیا بھر میں منفی دقیانوسی تصورات، نفرت اور تشدد سے ظاہر ہوتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب کی تقرری کے مطالبے کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اسلامو فوبیا کی لعنت سے نمٹنے کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی تقرری ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ یہ قرارداد ایسے وقت میں منظور کی گئی جب مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔