جمعه,  20 نومبر 2026ء
شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر کوئٹہ جیل منتقل، درخواست ضمانت پر آج سماعت ہوگی

کوئٹہ: (روشن پاکستان نیوز) سینئر صحافی اور اینکر پرسن شاہد میتلا کو جوڈیشل ریمانڈ پر کوئٹہ جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کی درخواست ضمانت پر سماعت آج جمعہ 20 نومبر کو ہوگی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نمبر 7 کوئٹہ کی عدالت نے جمعرات کو شاہد میتلا کو پیش کیے جانے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ ان کے وکیل راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعہ کے لیے مقرر کر دی۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے 18 نومبر کو اسلام آباد کی عدالت سے شاہد میتلا کا دو روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ کوئٹہ کے لیے پرواز دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں رات اسلام آباد میں این سی سی آئی اے کے تھانے میں رکھا گیا، جس کے بعد جمعرات کی صبح 10 بجے کی پرواز سے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

کوئٹہ پہنچنے پر انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں این سی سی آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہد میتلا کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ ایجنسی کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہ کیے جانے پر عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) افضل بٹ کی درخواست پر راحب بلیدی ایڈووکیٹ، عزیر شاہوانی ایڈووکیٹ اور سجاد ابڑو ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا شاہد میتلا کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے صدر منظور احمد اور پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر نور الٰہی بگٹی بھی سماعت کے موقع پر موجود تھے۔

مقدمے کا پس منظر

شاہد میتلا کے خلاف سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی شکایت پر کوئٹہ میں پیکا قانون کے تحت مبینہ ہتک عزت اور سوشل میڈیا پوسٹس سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ انوار الحق کاکڑ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صحافی کی سوشل میڈیا پوسٹس میں ان کے خلاف الزامات لگائے گئے، جن پر انہوں نے قانونی کارروائی کی۔

18 نومبر کو اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر شاہد میتلا کے وکیل حبیب حنظلہ نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے موکل کو مقدمے کی ایف آئی آر فراہم نہیں کی گئی اور انہیں بلوچستان میں سکیورٹی خدشات بھی لاحق ہیں۔ وکیل کے مطابق اسی مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت بھی حاصل کی گئی تھی۔

صحافتی تنظیموں کا ردعمل

صحافیوں کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے شاہد میتلا کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے بھی شاہد میتلا کی گرفتاری اور کوئٹہ منتقلی پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی حکام سے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی، مقدمے کے خاتمے اور دوران حراست تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہد میتلا کی درخواست ضمانت پر آج ہونے والی سماعت میں مقدمے کے قانونی پہلوؤں اور رہائی کی درخواست پر پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں