بچوں کو تمباکو اور نکوٹین مصنوعات سے محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، مقررین
اسلام آباد (سٹی رپورٹر) سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک) کے زیر اہتمام عالمی یومِ اطفال 2026ء کے موقع پر بچوں نے تمباکو سے پاک، صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے اپنا مطالباتی چارٹر پیش کرتے ہوئے تمباکو کی تشہیر، فروغ اور سرپرستی (TAPS) کی تمام اقسام پر جامع پابندی عائد کرنے، بچوں کو تمباکو اور نکوٹین کی مصنوعات کی مارکیٹنگ سے محفوظ بنانے اور ان کے صحت و حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب کا عنوان ’’میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل بچوں کو تمباکو کی مصنوعات سے محفوظ بنائیں‘‘ تھا، جس میں بچوں، پارلیمنٹیرینز، حکومتی نمائندوں، متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔تقریب میں چائلڈ رائٹس کلبز کے بچوں نے اپنا مطالباتی چارٹر پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو تمباکو کی صنعت کے اثرات، تشہیری حربوں اور نشہ آور نکوٹین مصنوعات سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع قانون سازی اور اس پر مؤثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چارٹر میں تمباکو کی تشہیر، پروموشن اور اسپانسرشپ کی تمام اقسام پر پابندی، برانڈ اسٹریچنگ، برانڈ شیئرنگ، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے نام پر تشہیری سرگرمیوں، سوشل میڈیا و آن لائن مارکیٹنگ اور نئی اقسام کی نکوٹین و تمباکو مصنوعات کی تشہیر روکنے کے مطالبات شامل کیے گئے۔ بچوں نے اس بات پر زور دیا کہ انہیں ایسے تجارتی اور تشہیری ہتھکنڈوں سے محفوظ رکھا جائے جو کم عمری میں تمباکو یا نکوٹین کے استعمال کی طرف راغب کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔صدرِ پاکستان کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پاکستان کو عالمی ادارۂ صحت کے تمباکو کنٹرول فریم ورک کنونشن (WHO FCTC) کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق مربوط اور مسلسل کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں روزانہ تقریباً 1200 بچے، جن کی عمریں 6 سے 15 سال کے درمیان ہیں، سگریٹ نوشی شروع کر دیتے ہیں، جو ایک تشویشناک صورتحال اور نئی نسل کے تحفظ کے لیے فوری توجہ کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے مطالبات محض تجاویز نہیں بلکہ ان کی صحت، زندگی اور مستقبل سے جڑے اہم مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کی پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر نے کہا کہ عالمی یومِ اطفال بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری یاد دلانے کا اہم موقع ہے۔ ہر بچے کو محفوظ، صحت مند اور معاون ماحول میں پرورش پانے، تعلیم حاصل کرنے، کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو نقصان دہ مصنوعات اور ایسی تشہیری سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے جو ان کی صحت، نشوونما اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، کیونکہ بچوں کے حقوق صرف بنیادی ضروریات کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ انہیں بہتر اور محفوظ مستقبل کے مواقع دینا بھی ان حقوق کا بنیادی حصہ ہے۔رکن قومی اسمبلی ہما اختر چغتائی نے بچوں کے تحفظ اور ان کی آواز کو اہمیت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو صحت مند اور محفوظ ماحول میں پروان چڑھنے کا حق حاصل ہے۔ بچوں کی جانب سے پیش کردہ مطالباتی چارٹر ان کے احساسات، خدشات اور مستقبل سے وابستہ امیدوں کی ترجمانی کرتا ہے، اس لیے ان مطالبات کو نظرانداز کرنے کے بجائے سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بچوں کے مطالبات متعلقہ پارلیمانی فورمز پر پیش کریں گی اور ان پر بحث و پیش رفت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی تاکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے تمباکو سے پاک مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بچوں کی صحت، حقوق اور مستقبل کا تحفظ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمباکو کا استعمال اور اس کی تشہیر نوجوان نسل کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے، اس لیے بچوں کو تمباکو کی مصنوعات کی تشہیر، فروغ اور سرپرستی کے تمام طریقوں سے محفوظ بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بالخصوص سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ہونے والی مارکیٹنگ کی روک تھام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بچوں کی صحت اور مثبت تربیت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، نہ کہ انہیں نقصان دہ مصنوعات کی جانب راغب کرنے کے لیے۔رکن قومی اسمبلی زہرہ ودود فاطمی نے کہا کہ بچوں کو ایسا محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ نقصان دہ اور نشہ آور مصنوعات سے دور رہتے ہوئے تعلیم حاصل کر سکیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی آواز اور ان کے مطالبات کو قومی پالیسی سازی میں اہمیت دی جانی چاہیے، جبکہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر آگاہی، ذمہ دارانہ رویوں اور مؤثر حفاظتی اقدامات کو فروغ دینا ہوگا تاکہ آنے والی نسل کو تمباکو کے مضر اثرات سے بچایا جا سکے۔سپارک کے پروگرام مینیجر ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ پاکستان نے تمباکو کنٹرول کے حوالے سے اہم اقدامات اور کامیابیاں حاصل کی ہیں، تاہم بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کی جانب راغب کرنے والی مارکیٹنگ سرگرمیوں اور مصنوعات کی بڑھتی ہوئی دستیابی روکنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تمباکو مصنوعات کی نمائش، پوائنٹ آف سیل تشہیر، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پروموشنز، برانڈ اسٹریچنگ، برانڈ شیئرنگ، اسپانسرشپ اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے نام پر ہونے والی سرگرمیاں بچوں کو متاثر کرنے کے مختلف ذرائع بن سکتی ہیں۔ انہوں نے عوامی آگاہی، مؤثر نگرانی اور ایسے محفوظ ماحول کی فراہمی پر زور دیا جہاں بچے تمباکو کے استعمال اور اس کے مضر اثرات سے محفوظ رہتے ہوئے نشوونما پا سکیں۔تقریب سے ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ پیمرا راحت علی، نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (NCRC) کی قانونی مشیر وائزہ رفیق اور یوتھ ایڈووکیٹ تحریم قریشی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی تعاون، مربوط حکمت عملی، مؤثر نگرانی اور بامقصد شمولیت کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ تمباکو سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی اداروں، قانون سازوں، سول سوسائٹی اور عوام کے مشترکہ کردار کو اہم قرار دیا۔چائلڈ رائٹس کلبز کے بچوں نے تقریب کے دوران مختلف پرفارمنسز بھی پیش کیں، جن کے ذریعے بچوں کے حقوق، تمباکو کے مضر اثرات اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔ بچوں کی اس بھرپور شرکت نے اس امر کو نمایاں کیا کہ انہیں محض پالیسیوں سے متاثر ہونے والے افراد کے طور پر نہیں بلکہ اپنے حقوق، صحت اور مستقبل سے متعلق معاملات میں مؤثر آواز اور کردار رکھنے والے شہریوں کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بچوں کو تمباکو اور نکوٹین مصنوعات کے اثرات سے محفوظ رکھنے، تشہیری سرگرمیوں کی روک تھام، عوامی آگاہی بڑھانے اور بچوں کے مطالباتی چارٹر کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، تاکہ نئی نسل کو صحت مند، محفوظ اور تمباکو سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔











