پیر,  16 نومبر 2026ء
چین کا تاریخی کارنامہ: الیکٹرک مسافر طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز

بیجنگ(روشن پاکستان نیوز) چین نے ہوا بازی کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کے پہلے 10 ٹن وزنی بیٹری سے چلنے والے تجارتی مسافر طیارے ’سی ای 25 اے‘ کی پہلی کامیاب انسانی آزمائشی پرواز مکمل کرلی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ جدید ترین الیکٹرک طیارہ روایتی فضائی ایندھن کے متبادل اور ماحول دوست مستقبل کے فضائی سفر کی جانب ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی اور 19 نشستوں کا حامل تجارتی مسافر طیارہ ہے جو مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی پر پرواز کرتا ہے۔ اس جدید طیارے نے 10 پنکھوں کی مدد سے کامیابی کے ساتھ آسمان میں اڑان بھری۔

یہ طیارہ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک بار چارج ہونے پر 400 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتا ہے، جبکہ اس کی پرواز کی زیادہ سے زیادہ بلندی 2,400 میٹر ہے۔

امریکا میں فضائی ٹریفک بحران آج بھی برقرار، 1500 پروازیں منسوخ

یہ آزمائشی پرواز ہفتے کے روز چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں انجام دی گئی۔ تاریخ میں پہلی بار انسانی عملے کے ساتھ ہونے والی اس پرواز کے دوران طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر موجود تھے۔

اس کا مجموعی ٹیسٹ سیشن 57 منٹ اور 46 سیکنڈز تک جاری رہا، جبکہ طیارے نے فضا میں 16 منٹ سے زائد وقت گزار کر 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ کامیابی سے طے کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اس طیارے کی 19 خودکار یعنی بغیر پائلٹ کے آزمائشی پروازیں بھی کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں۔ یہ شاندار پراجیکٹ چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا یعنی کومیک، بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر اہم شراکت دار اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

کومیک کے مطابق پرواز کے دوران طیارے کے تمام سسٹمز نے معمول کے مطابق کام کیا اور کارکردگی کے تمام اشاریے توقعات پر پورے اترے۔

چینی سول ایوی ایشن انتظامیہ کو اس طیارے کے لیے ٹائپ سرٹیفکیٹ کی درخواست بھی موصول ہو چکی ہے، جو اس کی تجارتی پیمانے پر تیاری اور باضابطہ استعمال کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

اگرچہ اس سے قبل آسٹریا میں 21 اکتوبر 1973 کو موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا، اور اسرائیل بھی 9 مسافروں کی گنجائش والا الیکٹرک طیارہ ایوی ایشن ایلس تیار کرچکا ہے جس پر مزید کام آگے نہیں بڑھ سکا، تاہم 19 مسافروں کی گنجائش اور 10 ٹن وزن کا حامل ’سی ای 25 اے‘ اپنے حجم اور کمرشل صلاحیت کے لحاظ سے اس نوعیت کا پہلا منفرد پراجیکٹ ہے۔

مزید خبریں