حیدرآباد(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب میں حوثی باغیوں کے حملوں اور کشیدہ صورتحال کے پیش نظر بھارتی فضائی کمپنی انڈیگو نے بھارت اور سعودی عرب کے درمیان چلنے والی تمام پروازیں عارضی طور پر منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی کمپنی انڈیگو کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے اور 17 اکتوبر تک برقرار رہے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے تحت سعودی عرب کے ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ ایئرپورٹس سے بھارت آنے والی اور بھارت سے ان مقامات کے لیے جانے والی انڈیگو کی تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
سعودی ائیرپورٹس پر حملوں کے باعث فلائٹ آپریشن محدود، پاکستانی پروازیں کم ترین سطح پر آگئیں
کمپنی نے مسافروں کو اس فیصلے سے مطلع کرتے ہوئے کہا کہ پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات اور تفصیلات کے لئے اس کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔
مسافروں کی رہنمائی اور ان کے سوالات کے جواب دینے کے لیے کمپنی کی معاونتی ٹیم بھی دستیاب رہے گی۔ انڈیگو نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دوسرے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں کو بھی حوثی باغیوں کی جانب سے میزائلوں اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث متعدد ہوائی اڈوں پر فضائی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔











