جمعه,  04  ستمبر 2026ء
پاکستانی و سری لنکن حکام کی مشترکہ کارروائی، 671 کلو گرام آئس ضبط، افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب

کراچی(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) پاکستان کے تعاون سے افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بڑی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں کراچی اور کولمبو بندرگاہوں سے مجموعی طور پر 671 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف کے مطابق جولائی 2026 میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی بندرگاہ پر ایک کنٹینر سے 200 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے افغان سرغنہ احسان اللہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف نے گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات اور تفتیش کے نتائج سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (DEA) کے ساتھ شیئر کیے۔ فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر سری لنکن حکام نے کولمبو بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے دو کنٹینرز سے مزید 471 کلو گرام آئس برآمد کرلی۔

اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 107.6 کلو منشیات برآمد

کارروائی کے دوران نیٹ ورک کے مزید چھ کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔ یوں مشترکہ آپریشن میں افغانستان سے اسمگل کی جانے والی مجموعی طور پر 671 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن ضبط کی گئی، جسے پاکستان کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچایا جانا تھا۔

اے این ایف کے مطابق اس کارروائی میں بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ اور بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون نے اہم کردار ادا کیا۔ سری لنکن حکام اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے بھی اے این ایف کے کردار کو سراہا گیا۔

اے این ایف کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی منشیات اسمگلنگ کے خلاف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون کا ثبوت ہے۔ فورس آئندہ بھی پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے اور بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی۔

مزید خبریں